گیپکو میں سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن سسٹم کاآغاز
بجلی کے ترسیلی نظام کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا:مجاہد پرویز ،محمد ایوب
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز انجینئر مجاہد پرویز چٹھہ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد ایوب نے کہا ہے کہ جدید سپروائزری کنٹرول اینڈ ڈیٹا ایکوزیشن سسٹم بجلی کے نیٹ ورک کی مؤثر نگرانی، آپریشنل کارکردگی میں بہتری اور بجلی کی فراہمی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گیپکو میں جدید SCADA سسٹم کے پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں جنرل منیجر آپریشنز شیخ امان اللہ، جنرل منیجر ٹیکنیکل معظم فضل، چیف انجینئر محمد بوٹا گورایہ، منیجر محمد آصف، عرفان طفیل بٹ سمیت دیگر افسر وں نے شرکت کی۔ انجینئر مجاہد پرویز چٹھہ نے کہا کہ گیپکو تمام ڈسکوز میں پہلی کمپنی ہے جس نے SCADAسسٹم کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا ہے جو گیپکو کی تکنیکی ترقی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے عزم کا واضح مظہر ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد ایوب نے کہا کہ جدید SCADA سسٹم کے ذریعے بجلی کے نیٹ ورک کی مرکزی سطح پر نگرانی، آپریشنل صورتحال کا بروقت جائزہ لینے اور نظام میں پیدا ہونے والی خرابیوں کی فوری نشاندہی میں مدد ملے گی جس سے متعلقہ افسر وں کو بروقت اور مؤثر فیصلے کرنے میں سہولت حاصل ہوگی۔ اس نظام کے مؤثر استعمال سے بجلی کی فراہمی کے نظام کی نگرانی اور آپریشنل امور کو مزید بہتر بنایا جا سکے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments