نہری پانی چوری، بڑے مگرمچھوں کیخلاف کارروائی کا حکم
قانونگوئی سرکلز میں روزانہ انسپکشن اور کارروائی کی رپورٹ طلب کر لی گئی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر کمشنر آفس فیصل آباد ڈویژن نے نہری پانی چوری کی روک تھام اور کسانوں کو ٹیل تک پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دئیے ہیں۔ اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں نہری پانی کی منصفانہ تقسیم اور پانی چوری کی روک تھام کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز انفورسمنٹ، محکمہ انہار، محکمہ زراعت اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ قانونگوئی سرکلز میں ہونے والی انسپکشنز اور کارروائیوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ فراہم کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ فصلوں کے سیزن میں کسانوں کو نہری پانی کی ٹیل تک فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے پانی چوری میں ملوث بڑے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کریں تاکہ حقیقی کاشتکاروں تک ان کے حصے کا پانی پہنچ سکے ۔اجلاس کے دوران چیف انجینئر محکمہ انہار نے گزشتہ 15 روز کی انسپکشن رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ کسانوں کی شکایات کے ازالے کے لیے بھی مؤثر اقدامات جاری ہیں۔اجلاس میں کمشنر کی ہدایت پر فیسکو حکام نے بھی کسانوں کے بجلی کے بلوں کی اقساط اور زائد بلنگ سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments