جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں، 5000 گرفتار
اندھے قتل کے 43مقدمات ٹریس، اقدامِ قتل کے 690اور ڈکیتی و راہزنی کے ہزاروں واقعات میں ملوث ملز م قانون کی گرفت میں، وارداتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) ڈکیتی، چوری، راہزنی، قتل، اقدامِ قتل، اغواء، تاوان اور منشیات فروشی سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فیصل آباد پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات کے نتیجے میں جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ پولیس کے مطابق رواں سال اب تک مختلف سنگین جرائم میں ملوث پانچ ہزار سے زائد ریکارڈ یافتہ ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں اور جرائم کی شرح میں کمی پر شہری بھی پولیس کی کارکردگی کو سراہتے دکھائی دیتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں ڈکیتی، چوری، راہزنی، اغواء، تاوان، بھتہ خوری، قتل، اقدامِ قتل اور دیگر سنگین جرائم کی روک تھام اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لیے سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کی جانب سے کیے گئے اقدامات مؤثر ثابت ہو رہے ہیں۔ ان اقدامات کے نتیجے میں شہر میں جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔جرائم پر قابو پانے ، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سنگین جرائم میں ملوث خطرناک و ریکارڈ یافتہ ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کے لیے سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کی ہدایت پر ایس ایس پیز، ٹاؤن ایس پیز اور دیگر پولیس افسران کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جنہیں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے جاری کارروائیوں کے دوران رواں سال اب تک اندھے قتل کے 43 واقعات ٹریس کرکے ان میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے ، جبکہ اقدامِ قتل کے 690 سے زائد واقعات میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔اسی طرح ڈکیتی کے واقعات میں ملوث 80 سے زائد جبکہ راہزنی کے واقعات میں ملوث 3 ہزار 400 سے زائد ریکارڈ یافتہ اور خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ گرفتار ملزمان سے سینکڑوں وارداتوں کا سراغ لگانے کے ساتھ ساتھ ان کے قبضے سے کروڑوں روپے مالیت کا مالِ مسروقہ بھی برآمد کیا گیا ہے ۔
پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں اور خصوصی ٹیموں کی مؤثر حکمتِ عملی کے باعث جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ اب گھروں سے باہر نکلتے ہوئے خود کو پہلے سے زیادہ محفوظ محسوس کرتے ہیں اور پولیس کی کارروائیوں کو سراہتے ہیں۔اس حوالے سے سٹی پولیس آفیسر تنویر حسین کا کہنا ہے کہ جرائم کی روک تھام، جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری اور شہریوں کی قیمتی جان و مال کا تحفظ فیصل آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments