لیاری کھنڈرات میں تبدیل، 20گھنٹے لوڈشیڈنگ، منعم ظفر
پانی، سیوریج اور تباہ حال انفرااسٹرکچرنے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے بنیادی سہولتیں فراہم،کے الیکٹرک کا شفاف فرانزک آڈٹ کرایا جائے
کراچی(این این آئی)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ کراچی کا تاریخی علاقہ لیاری آج کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ ایک جانب شہری 18 سے 20 گھنٹے کی طویل لوڈشیڈنگ برداشت کر رہے ہیں تو دوسری جانب پانی، سیوریج، صفائی اور تباہ حال انفرااسٹرکچر نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ پیپلز پارٹی کی طویل صوبائی حکمرانی کے باوجود لیاری کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ حکمرانوں کو اربوں روپے کے ترقیاتی اعلانات اور منصوبوں کا حساب دینا ہوگا۔آٹھ چوک لیاری میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ لیاری محنت کشوں کا علاقہ اور کھیلوں کے حوالے سے اپنی الگ شناخت رکھتا ہے لیکن افسوس کہ آج اس علاقے کی پہچان کھیل کے بجائے لوڈشیڈنگ بن چکی ہے۔
انتخابات سے پہلے کیے گئے وعدوں کے بارے میں آج لیاری کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ وہ کہاں گئے ؟انہوں نے کہا کہ لیاری کے بعض علاقوں میں 24 گھنٹوں کے دوران صرف چار سے چھ گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے جبکہ 18 سے 20 گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ۔ بجلی کی طویل بندش سے بزرگوں، خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ منعم ظفر نے کہا کہ کے الیکٹرک ایک عوامی سہولت فراہم کرنے والے ادارے کے بجائے مافیا کی شکل اختیار کرچکا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور کے الیکٹرک کی کارکردگی، مالی معاملات اور بجلی کی پیداوار، ترسیل و تقسیم کا شفاف فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments