کراچی سے تعاون وفاق کی بھی ذمہ داری ، سعید غنی
28ویں آئینی ترمیم ملک کی بہتری کے لیے ہوئی تو حمایت کریں گے فرنیچر کی صنعت کو مزید فروغ دیکر زرمبادلہ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے
کراچی(این این آئی) وزیر محنت و افرادی قوت و سماجی تحفظ سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی نے ہمیشہ ملک بھر سے آنے والے لوگوں کو روزگار فراہم کیا ہے اور قومی معیشت میں اس شہر کی اہمیت کے پیش نظر وفاقی حکومت کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ کراچی کے ساتھ تعاون کرے ، تاہم افسوس ہے کہ وفاق کی جانب سے شہر کو وہ تعاون نہیں ملتا جس کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 28ویں آئینی ترمیم کا کوئی مسودہ تاحال پاکستان پیپلز پارٹی کے سامنے نہیں آیا، جب مسودہ پیش ہوگا تو پارٹی اس کا جائزہ لے کر اپنا مؤقف دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسپو سینٹر کراچی میں پاکستان فرسٹ فرنیچر ٹریڈ شو 2026 کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
سعید غنی نے مزید کہا کہ فرنیچر کی صنعت کو مزید فروغ دے کر نہ صرف مقامی ضروریات پوری کی جاسکتی ہیں بلکہ فرنیچر برآمد کرکے ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل کیا جاسکتا ہے ۔28ویں آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر سعید غنی نے ایک بار پھر واضح کیا کہ تاحال کوئی مسودہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سامنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسودہ موصول ہونے کے بعد پارٹی اس پر غور و خوض کرے گی اور اپنا مؤقف دے گی۔ اگر ترمیم ملک کی بہتری کے لیے ہوئی تو پیپلز پارٹی اس کی حمایت کرے گی، جبکہ اس میں کسی خامی کی نشاندہی ہوئی تو اس پر بھی بات کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments