گیس بحران ، گھریلو کنکشنز کی فراہمی پر عائد پابندی غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ
رواں ماہ سے کمرشل شعبے میں بھی نئے گیس کنکشنز کی فراہمی روک دی گئی، ہزاروں افراد فوری کنکشن کے لیے اضافی فیس ادا کرنے کے باوجود انتظار میں ہیں
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک میں گیس کی بڑھتی ہوئی قلت کے باعث نئے کنکشن حاصل کرنے کے منتظر صارفین کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔سوئی گیس کمپنی نے گھریلو کنکشنز کی فراہمی پر عائد پابندی ختم کرنے کے بجائے اسے غیر معینہ مدت تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رواں ماہ سے کمرشل شعبے میں بھی نئے گیس کنکشنز کی فراہمی روک دی گئی ہے ۔ ہوٹلوں، تندوروں اور دیگر کاروباری صارفین کو بھی اس فیصلے کے تحت کنکشن نہیں دیے جارہے ، جبکہ ہزاروں افراد فوری کنکشن کے لیے اضافی فیس ادا کرنے کے باوجود انتظار میں ہیں۔گیس کی دستیابی سے متعلق مشکلات کی ایک بڑی وجہ آر ایل این جی کی سپلائی میں تعطل بتائی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی گیس کی فراہمی متاثر ہونے کے ساتھ موجودہ نظام میں بھی طلب اور رسد کا فرق بڑھتا جارہا ہے ۔سرد موسم کے آغاز کے ساتھ گیس کی کھپت میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے ، جس کے باعث پہلے سے موجود صارفین کو بھی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ ایسے حالات میں نئے گھریلو کنکشنز کی بحالی کا معاملہ مزید غیر یقینی ہوگیا ہے ۔دوسری جانب سوئی گیس حکام کا مؤقف ہے کہ نئے کنکشنز پر پابندی کا فیصلہ وزارت پٹرولیم کی جانب سے کیا گیا ہے ۔ حکام کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے بعد ہی گیس کنکشنز کی فراہمی دوبارہ شروع ہونے کا امکان ہے ۔یاد رہے کہ گیس شیڈول کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی متاثر ہورہی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments