سندھ آبادگار بورڈ کی آئندہ گنا کاشت نہ کرنے کی دھمکی
گنے وگندم کے نرخ مناسب مقرر، 20نومبر تک شوگر ملیں چلائی جائیں، صدرگندم خریداری طریقہ کار، ہدف سے متعلق وضاحت کی جائے ، پریس کانفرنس
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)سندھ آبادگار بورڈ کے صدر محمود نواز شاہ نے حکومت کی جانب سے گنے کے مناسب ریٹ مقرر نہ کرنے اور 20نومبر تک شوگر ملز نہ چلانے کی صورت میں آئندہ گنے کی کاشت نہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گندم سمیت گنے کی امدادی قیمت مقرر کر کے فوری اس کا اعلان کیا جائے اور گندم کی خریداری کے طریقہ کار، خریداری کے ہدف اور خریداری کے وقت کے بارے میں بھی وضاحت کی جائے ۔ وہ پریس کانفرنس کر رہے تھے ۔ اس موقع پر بورڈ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ذوالفقار یوسفانی ،سینئرنائب صدر سید ندیم شاہ ،اسلم مری ،عمران بوذدار او دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
محمود نواز شاہ نے کہا کہ حکومت زراعت کے شعبے کو ترقی دینے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتی ،اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں 15لاکھ سے زائد کاشتکاروں میں97فیصد چھوٹے کاشتکار موجود ہیں جنہیں زرعی قرضہ تک نہیں ملتا جبکہ حکومت نے محض 3لاکھ 30ہزار کاشت کاروں کا سروے کیا ہے ان تک بھی سبسڈی نہیں پہنچ پا رہی محکمہ ریونیو کے پاس لامحدود اختیارات کی وجہ سے حکومت کی اسکیمیں مبینہ طور پر کرپشن کا شکار ہو رہی ہیں جس جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔محمود نواز شاہ نے کہا کہ شوگر ملز کی اب تک کرشنگ نہ کرنے سے کاشتکاروں کو گندم کی فصل لگانے میں دشواری ہے ۔ سندھ کی7لاکھ ایکڑ میں سے 6لاکھ ایکڑ پر چھوٹے کاشتکاروں کا اپنے خرچ سے گنا لگا ہوا ہے حکومت کاشتکاروں کو دیوار سے لگانے کا عمل فوری بند کرے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments