زیر تعمیر عمارت کے گڑھے نے نابینا حافظ قرآن کی جان لے لی

 زیر تعمیر عمارت کے گڑھے نے نابینا حافظ قرآن کی جان لے لی

ناظم آباد کا رہائشی 35 سالہ حسن ولد حمید الدین غیر شادی شدہ اور کمپیوٹر کا کام کرتا تھا، صبح ناشتہ لینے کے لیے گھر سے نکلا گڑھے کے اطراف حفاظتی رکاوٹ نہیں تھی،والد کاانصاف فراہم کرنے کامطالبہ،اورنگی میں چھت سے گرکرمعمر شخص چل بسا

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) ناظم آباد میں زیر تعمیر عمارت کے گڑھے میں گرکر نابینا حافظ قران شخص جاں بحق ہوگیا۔چھیپا حکام کے مطابق ناظم آباد 3 نمبر احباب سوئٹس کے قریب زیر تعمیر بلڈنگ کے گڑھے میں گرکر ایک راہ گیر شخص جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق شخص کی لاش کو ایمبولینس سے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔جاں بحق شخص کی شناخت 35 سالہ حسن ولد حمید الدین سے ہوئی ۔متوفی کے والد حمید نے بتایا کہ ان کا بیٹا غیر شادی شدہ تھا۔حافظ قرآن تھا اور کمپیوٹر کا کام کرتا تھا۔ہفتہ کو صبح ناشتہ لینے کے لیے گھر سے نکلا ۔قر یبی زیر تعمیر عمارت کے گڑھے میں پھسل کر گرگیا ۔گڑھے میں پلر کا سریا لگنے سے وہ جاں بحق ہوگیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس زیر تعمیر عمارت پر گڑھے کے اطراف کوئی حفاظتی رکاوٹیں نہیں لگی تھیں،انہوں نے حکومت سے انصاف کا مطالبہ کیا۔

ایس ایچ او ناظم آباد خالد رفیق نے بتایا کہ پولیس کو حادثہ کی اطلاع ملی ہے ۔حادثہ کی تحقیقات کررہے ہیں۔دوسری جانب تھانہ مومن آباد کی حدود میں اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 توحید کالونی فیضان عطار مسجد کے قریب گھر کی چھت سے گرکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ ندیم ولد شیخ احمد سے ہوا۔متوفی کے بھانجے نے بتایا کہ ان کے ماموں الیکٹریشن تھے ۔ان کے تین بچے ہیں۔وہ کبوتر بازی کرتے تھے ۔گھر کی چھت پر کبوتر اڑارہے تھے کہ پھسل کر چھت سے گرگئے اور اس حادثہ میں جاں بحق ہوگئے ۔ علا وہ ازیں جام صادق پل پر تیز رفتار کار کھمبے سے ٹکرا کر دوسری سڑک پر جا گری، گاڑی ٹکرانے کے باعث ہیوی کھمبا بھی زمین پر گرگیا۔شہری نے دعویٰ کیا کہ کار سوار کئی گاڑیوں کو ٹکر مار کر بھاگا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ سے متعلق معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...