گریڈ 17،18کی سیٹیں کم ، نرسوں کی ترقی رک گئی
ہر پانچ سال بعد نرسز کی ترقی میرٹ کی بنیاد پر کی جائے :سیکرٹری ایسوسی ایشن
لاہور(سجاد کاظمی سے )نرسنگ سٹاف گریڈ 17اور 18میں ترقی رک گئی ،ترقی کی منتظر ہزاروں سٹاف نرسز محکمہ کامنہ تکنے لگیں، کیونکہ محکمہ کے پاس اوپر والے سکیلز میں سیٹوں کی کمی ہے جس کے باعث نیچے والے گریڈ کی سٹاف نرسز کی ترقی ہورہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق گریڈ 17 اور 18کی سیٹیں کم ہونے کے باعث نرسز کی ترقی میں رکاوٹ ہے ، اس وقت پنجاب میں گریڈ 17کے لیے 35سینئر نرسز ترقی کی منتظر ہیں،نرسنگ سٹاف کی گریڈ 18میں صرف 42سیٹیں ہونے کے باعث ترقی میں رکاوٹ ہے۔
اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر گریڈ 18اور 19کی سیٹیں بڑھانے میں تاحال سست دکھائی دیتا ہے ۔گریڈ 19کی صرف 17سیٹیں ہونے کے باعث نرسز پریشانی کا شکار ہیں اور اسی طرح گریڈ 20کی پنجاب بھر میں صرف 5سیٹیں موجود ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں گریڈ 16کی بھرتی ہونے والی سیٹوں کی تعداد 25ہزار کے قریب ہے ۔ینگ نرسز ایسوسی ایشن کی سیکرٹری مقدس تسنیم کا کہنا ہے کہ محکمہ کو چاہئے کہ وہ ہر پانچ سال بعد نرسز کی ترقی میرٹ کی بنیاد پر کرے ۔17اور گریڈ 18کی سیٹوں میں جلد از جلد اضافہ کیا جائے ۔