ایل ڈ ی اے : تاخیر سے آنیوالے 17 افسروں کو شوکاز

ایل ڈ ی اے : تاخیر سے آنیوالے 17 افسروں کو شوکاز

غیر تسلی بخش جواب پر پیڈا ایکٹ کے تحت سخت کارروائی ہوگی:انتظامیہ

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے صبح 9 بجے دفاتر میں حاضری یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ہیں، تاہم انتظامیہ کی نگرانی کے باوجود بڑی تعداد میں افسران وقت پر اپنے دفاتر پہنچنے میں ناکام رہے ہیں۔ خاص طور پر میٹرو پولیٹن پلاننگ ونگ کے افسران تاخیر کے معاملے میں سرفہرست رہے ۔دفاتر میں حاضری کی باقاعدہ نگرانی کے بعد ایل ڈی اے انتظامیہ نے تاخیر سے آنے والے 17 افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ ان میں 14 افسران ایم پی ونگ، دو آئی ٹی ونگ اور ایک ریونیو ونگ سے تعلق رکھتے ہیں۔

ایل ڈی اے انتظامیہ نے نوٹسز میں ان افسران سے دو روز کے اندر تحریری جواب طلب کیا ہے اور انہیں یہ ہدایت دی گئی ہے کہ حاضری قوانین کی خلاف ورزی کی وضاحت پیش کی جائے ۔ انتظامیہ کی طرف سے تنبیہ کی گئی ہے کہ غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں پیڈا ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔یہ اقدام ایل ڈی اے کے دفاتر میں نظم و ضبط قائم کرنے ، حاضری کے تقاضے پورے کرنے اور افسران کے رویے میں بہتری لانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں