کیٹل مارکیٹ:ڈیفالٹرز سے 2کروڑ 14 لاکھ نہ لینے کا انکشاف
آڈٹ رپورٹ پیش ،ٹھیکیداروںکی بلیک لسٹنگ یا کارروائی نہ کرنے کا بھی ذکر
لاہور( آئی این پی)پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی میں مالی سال 2022-23 کے دوران ڈیفالٹرز ٹھیکیداروں سے 2 کروڑ 14 لاکھ روپے واجبات وصول نہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ پنجاب اسمبلی میں جمع کرائی گئی آڈٹ رپورٹ کے مطابق کمپنی نے فیصل آباد کیٹل مارکیٹ میں اینیمل لیوی اور پارکنگ فیس کے لیے مختلف ٹھیکے دئیے جنکی کل مالیت 5 کروڑ 87 لاکھ روپے تھی۔ٹھیکیداروں نے صرف 1کروڑ 23 لاکھ جمع کرائے جبکہ باقی رقم ادا نہیں کی گئی۔
محکمہ جاتی کارروائی کے بعد 1 کروڑ 8 لاکھ ریکور کیے گئے اور ڈیفالٹر ٹھیکیداروں کے رسک پر دوبارہ نیلامی سے 1 کروڑ 40 لاکھ حاصل ہوئے تاہم اصل ٹھیکیداروں سے تاحال 2 کروڑ 14 لاکھ وصول نہ ہو سکے ۔آڈٹ رپورٹ میں کمزور اندرونی کنٹرولز کی نشاندہی کی گئی اور ڈیفالٹر ٹھیکیداروں کیخلاف بلیک لسٹنگ یا قانونی کارروائی نہ کرنے کا بھی ذکر ہے ،معاملے کو وضاحت اور ریکوری تک زیر التوا رکھا گیاجبکہ پری پی اے سی نے فوری ریکوری کی ہدایت جاری کی ہے ۔