مجلس احرار کی یوم تاسیس تقریبات جاری، پرچم کشائی
آئین ،قانون کی بالادستی ، اسلامی اقدار کیلئے جدوجہد جاری رہے گی،عبداللطیف
لاہور(سیاسی نمائندہ)مجلس احرار اسلام کی ملک گیر یوم تاسیس تقریبات جاری ،مرکزی دفترمجلس احراراسلام نیو مسلم ٹاؤن لاہور میں گزشتہ روز پرچم کشائی ہوئی۔ سبز و سرخ ہلالی پرچموں کو لہرایا گیا۔ تقریب میں تاریخ مدح صحابہ کے صدر مولانا عبدالرؤف فاروقی، مجلس احرار کے مرکزی نائب امیر حاجی عبداللطیف خالد چیمہ، میاں اویس، ملک یوسف، ڈاکٹر شاہدمحمود کاشمیری، صدر لاہور ایوب میر، قاری قاسم بلوچ، مولانا مجیب الرحمن انقلابی، چودھری ظفر اقبال ایڈووکیٹ، مولانا فداالرحمن حیدری سمیت مجلس احرار کے ذمہ داران، کارکنان احرار اور وابستگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مولانا عبدالرؤف فاروقی نے خطاب میں کہا مجلس احرار اسلام نے ہمیشہ اسلام، ختم نبوت اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ عبداللطیف خالد چیمہ نے خطاب میں کہا مجلس احرار اسلام اپنے اسلاف کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے حق و صداقت کے فروغ، آئین و قانون کی بالادستی اور معاشرے میں اسلامی اقدار کے استحکام کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی۔ آخرمیں حکومت الٰہیہ کے قیام، ملک و ملت کی سلامتی، استحکام اور دینی اقدار کے تحفظ کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔