جامعہ سعیدیہ حسان بن ثابت میں جلسہ دستارِ فضیلت
نظامِ مصطفیٰ ؐکا نفاذ ہی تمام مسائل کا واحد حل ہے ، علامہ مظہر سعید کاظمی
لاہور (سیاسی نمائندہ)جامعہ سعیدیہ حسان بن ثابت مین سوئی گیس روڈ میں بیسواں سالانہ جلسہ دستارِ فضیلت و معراج النبی ؐ ہوا۔ صدارت جماعت اہل سنت کے مرکزی امیر علامہ پروفیسر سید مظہر سعید شاہ کاظمی نے کی۔ پیرخواجہ خالد محمود نقشبندی،صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی،علامہ ڈاکٹرغلام عباس، میاں جمیل ، میاں آصف،مرزا عبدالرشید، صوفی خلیل معصومی، صوفی مرزا افضال ، قاری حق نواز سعیدی، قاری اسماعیل سعیدی، قاری حسنین ودیگر شخصیات نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
علامہ مظہر سعید کاظمی، علامہ سید ارشد سعید شاہ کاظمی اور علامہ سید احسن سعید شاہ کاظمی نے خطاب میں کہا عقیدہ ختم نبوت اور ناموسِ رسالت ؐکا تحفظ ہمارے ایمان کی اساس ہے ، ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔ معاشی بحران، بے چینی اور اخلاقی پستی کا واحد حل نظامِ مصطفیٰ ؐکا عملی نفاذ ہے ۔ مقررین نے کہا واقعہ معراج رحمت دوعالم کا رہتی دنیا تک زندہ معجزہ ہے اور انسانیت کو اللہ کے قریب کرنے بندگی کا شعور بیدار کرنے کا ذریعہ ہے ۔ مفتی احمد رضا اور صاحبزادہ ذیشان کلیم نے کہا ہماری نجات اسوہ کامل پر عمل پیراہونے میں ہے ۔ انہوں نے جامعہ کے فارغ التحصیل طلبا کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں معاشرے کی اصلاح کیلئے میدانِ عمل میں نکلنے کی تلقین کی۔ آخر میں جامعہ سے فارغ التحصیل ہونیوالے قرا، حفاظ اور علما کی دستار بندی کی گئی ، نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے پر طلبہ کو حسن کارکردگی ایوارڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔