نیو ایئر نائٹ سکیورٹی پلان تیار، ہزاروں اہلکار تعینات ہونگے

 نیو ایئر نائٹ سکیورٹی پلان تیار، ہزاروں اہلکار تعینات ہونگے

آئی جی کے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری

لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جیپولیس ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر امن و امان یقینی بنانے کیلئے جامع سکیورٹی پلان مکمل کر لیا ۔ آئی جی پنجاب نے لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کے احکامات جاری کردیئے ۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ نیو ایئر نائٹ پر صوبہ بھر میں 419 انسپکٹرز، 1267 سب انسپکٹرز، 2189 اے ایس آئیز، 1408 ہیڈ کانسٹیبلز اور 16977 کانسٹیبلز و دیگر اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی دینگے جبکہ لاہور میں 5 ہزار سے زائد افسر و اہلکار تعینات ہونگے ۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں سی سی ٹی وی کیمروں اور سیف سٹی سسٹم کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

آئی جی نے نے واضح کیا کہ نیو ایئر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہلڑ بازی ہرگز نہیں کرنے دی جائیگی ، شرپسند عناصر کوحوالات بند کیا جائے گا۔ڈاکٹر عثمان انور نے نیو ایئر نائٹ پر ٹریفک کے مربوط انتظامات یقینی بنانے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈولفن سکواڈ، پیرو، ایلیٹ فورس اور پی ایچ پی ٹیمیں سڑکوں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ مزید بڑھائیں۔ لاہور سمیت تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں جبکہ گزشتہ سال کے ریکارڈ یافتہ ون ویلرز اور ہوائی فائرنگ کے ملزموں سے ضمانتی مچلکے حاصل کیے جائیں۔ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز اور ڈی پی اوز تمام انتظامات کی خود نگرانی کریں۔ شہری ون ویلنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کی اطلاع 15 پر دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں