پاک،افغان کشیدگی کا خاتمہ حکومتوں کی ذمہ داری:جماعت اسلامی

پاک،افغان کشیدگی کا خاتمہ حکومتوں کی ذمہ داری:جماعت اسلامی

سودی نظام ختم کیا جائے ـ:لیاقت بلوچ، ریاست بچوں کو تحفظ دے :جاوید قصوری

لاہور(سیاسی نمائندہ)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ دونوں حکومتوں کی ذمہ داری ہے ،26 ویں اور 27 ویں آئینی ترمیم آئین کو متنازع بنانے کی سازش ہے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 30 دسمبر منصورہ میں پنجاب سے جماعت اسلامی کے عہدیداران کا گرینڈ کنونشن ہوگا۔انہوں نے کہا وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے اور روڈ میپ کے مطابق سودی نظام ختم کیا جائے۔

دریں اثنا امیر جماعت اسلامی پنجاب جاوید قصوری نے صوبہ میں کم عمر بچوں اور بچیوں سے زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے کہا ہے کہ گزشتہ چھ سال کے دوران کم عمر بچوں سے زیادتی کے 5761 واقعات رپورٹ ہونا خوفناک اور لرزہ خیز حقیقت ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی اور حکومتی بے حسی کو واضح کرتی ہے ۔ ان واقعات میں ملوث ایک ہزار سے زائد مجرمان کا آزاد گھومنا ریاستی نظامِ انصاف پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔

بچوں کے تحفظ کے لیے بنائے گئے قوانین اور ادارے صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں، عملی سطح پر ان کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ صرف سزا کافی نہیں، بلکہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرنا بھی ناگزیر ہے۔ آگاہی مہمات چلائی جائیں، والدین اور بچوں کو تحفظ، رپورٹنگ اور قانونی حقوق سے آگاہ کیا جائے ۔ بچوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس میں کوتاہی ناقابلِ قبول ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں