ایم ڈی واسا کا جوہر ٹاؤن میں سیوریج منصوبے کا جائزہ
اورمنصوبے کی جلد تکمیل ،سیفٹی انتظامات ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت
لاہور(اے پی پی)منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے اتوار کے روز خیابان فردوسی جوہر ٹاؤن ٹرنک سیور پر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے سائٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر ایکسیئن فیضان امتیاز نے ایم ڈی واسا غفران احمد کو کام کی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ منصوبے پر دن رات کام جاری ہے تاکہ جلد از جلد تکمیل ممکن ہو جبکہ کام کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے منصوبے کی مسلسل نگرانی نیسپاک کر رہا ہے۔
ایم ڈی واسا نے کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے اورترقیاتی کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ خیابان فردوسی پر سیفٹی انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،کسی بھی غفلت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر خیابان فردوسی جوہر ٹاؤن میں ٹرنک سیور کی تبدیلی کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ایم ڈی واسا نے موقع پر موجود عملے کو ہدایت کی کہ تمام کام جدید تکنیکی اصولوں کے مطابق مکمل کیا جائے تاکہ نکاسی آب نظام کو دیرپا اور موثر بنایا جا سکے۔