جنرل ہسپتال:گردے کی پتھری کے جدید علاج پر ورکشاپ

 جنرل ہسپتال:گردے کی پتھری کے جدید علاج پر ورکشاپ

آر آئی آر ایس تکنیک سے مریضوں کو تکلیف دہ سرجری سے نجات ملے گی:پرنسپل

لاہور(سٹاف رپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ شعبہ طب میں جدید تکنیکوں کا فروغ مریضوں کو بہتر، محفوظ اور کم تکلیف دہ علاج کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔ اسی سلسلے میں لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ یورولوجی میں گردے کی پتھری کے جدید علاج RIRS (Retrograde Intrarenal Surgery)کی سہولت کا عنقریب آغاز کر دیا جائے گاجس سے مریضوں کو ہسپتال میں ایک دن سے زیادہ قیام نہیں کرنا پڑے گا۔ آر آئی آر ایس تکنیک سے مریضوں کو تکلیف دہ سرجری سے نجات ملے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ یورولوجی کے زیرِ اہتمام آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے کیا۔

اس موقع پر ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، ایسو سی ایٹ پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹر کامران زیدی و دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے ۔ یورالوجسٹس نے بغیر کٹ لگائے لیزر کے ذریعے پتھری نکالنے کے طریقہ کار پر عملی تربیت دی، جس سے مریض کو کم درد، خون کے کم ضیاع اور تیزی سے صحت یابی ملتی ہے ۔ ماسٹر ٹرینرز ڈاکٹر فضل نیازی، ڈاکٹر فرخ نوید، ڈاکٹر حافظ طارق اور ڈاکٹر عمران سلیانہ نے شرکا کو جدید آلات کے استعمال پر تربیت دی، جبکہ ملک کے ممتاز ماہرینِ یورولوجی پروفیسر نذیر احمد، پروفیسر خضر حیات گوندل، پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور، پروفیسر ڈاکٹر خالد حسین اور پروفیسر طاہر بشیر نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ملک بھر سے آئے کنسلٹنٹس اور پوسٹ گریجوایٹس نے تربیتی سیشن کو انتہائی مفید قرار دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں