سبزیاں 115، پھل 110 روپے کلو تک مہنگے فروخت
لہسن چائنیز 650، ادرک تھائی لینڈ 400، ٹماٹر 120، پیاز 80، نیاآلو 40سے 50، سبز مرچ 150، بھنڈی 250، شملہ مرچ 80روپے کلو تک دستیاب
لاہور (کامرس رپورٹر سے) اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کر رہا ہے ۔ سبزیوں میں ٹماٹر کا سرکاری نرخ 85 روپے فی کلو مقرر ہے ، تاہم مارکیٹ میں یہ 120روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ پیاز کا سرکاری ریٹ3 روپے کمی کے بعد 62 روپے کلو ہے، لیکن درجہ اول پیاز 80روپے کلو تک دستیاب ہے۔ نئے آلو کا سرکاری نرخ 22 روپے کلو برقرار ہے، جبکہ مارکیٹ میں مکس آلو 40 اور اعلیٰ معیار کا آلو 50 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ چائنیز لہسن کا سرکاری نرخ دس روپے اضافے سے 550 روپے کلو مقرر کیا گیا ہے ، مگر مارکیٹ میں یہ 650روپے تک پہنچ چکا ہے۔
اسی طرح تھائی ادرک کا سرکاری ریٹ 285 روپے ہے، جبکہ مارکیٹ میں 400 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ پھول گوبھی کا سرکاری نرخ دس روپے اضافے سے 70 روپے کلو ہے، لیکن مارکیٹ میں 90 سے 100 روپے میں دستیاب ہے۔ دیگر سبزیوں میں سبز مرچ 150، بھنڈی 250 اور شملہ مرچ 80 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ امرود کا سرکاری نرخ 165 روپے کلو ہے، مگر مارکیٹ میں 220روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ خربوزہ 100 سے 150روپے جبکہ چھوٹا خربوزہ 80روپے کلو میں دستیاب ہے۔کیلے کی قیمت بھی بڑھ چکی ہے ، درجہ اول کیلا سرکاری طور پر 220 روپے درجن مقرر ہے ، لیکن مارکیٹ میں 300روپے تک فروخت ہو رہا ہے ، جبکہ درجہ دوم کیلا 200روپے درجن ہے ۔سٹرابری کا سرکاری نرخ 190روپے کلو ہے، مگر مارکیٹ میں 300روپے تک ہے۔