پاکستانی قیادت نے دنیا کو تباہی سے بچایا:گورنر پنجاب
غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کر کے معیشت کو مضبوط بنانا ہے
لاہور (سپیشل رپورٹر )گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ امریکا اور ایران کا پاکستانی قیادت پر اعتماد کا اظہار فخر کی بات ہے ۔صدر، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی سفارتی کاوشوں نے دنیا کو بڑی تباہی سے بچایا،آج پاکستان دنیا میں پرامن اور ذمہ دار ریاست کے طور پر ابھرا ہے ،ہمیں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کر کے اپنی معیشت کو مضبوط بنانا ہے ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات ، پارٹی رہنماؤں اور ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سردار سلیم حیدر خان نے ایران اور امریکا میں مستقل جنگ بندی کیلئے مذاکرات کی کاوشوں پر سول و عسکری قیادت کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ممالک جو مذاکرات کیلئے تیارنہیں تھے انہیں مذاکرت کی میز پر لانا بہت بڑی کامیابی ہے ،پاکستان کو اللہ نے اس مقام پر پہنچا دیا کہ آج پوری دنیا ہماری طرف دیکھ رہی ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ امریکا اور ایران نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل پر اعتماد کا اظہار کرکے جنگ بندی کی،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے پاکستانی عوام کے سر فخر سے بلند کردیئے ہیں،پوری دنیا میں پاکستان کی عزت و قار میں اضافہ ہوا،غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں آمادگی ظاہر کررہے ہیں۔