پنجاب :حکومت کی اساتذہ کیلئے ای بائیک سکیم متعارف
بلاسود آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس دی جائینگی،قیمت اڑھائی لاکھ تک مقرر
لاہور(خبر نگار)پنجاب حکومت نے اساتذہ کیلئے ای بائیک سکیم 2026 متعارف کرا دی جسکے تحت آسان اور بلاسود اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائینگی۔ ای بائیک کی قیمت2 لاکھ 50 ہزار تک مقرر ،حکومت 30 سے 40 فیصد تک سبسڈی بھی دیگی۔حکام کے مطابق باقی ماندہ رقم اساتذہ 2 سے 3 سال کے دوران ماہانہ اقساط میں دینگے جو تقریباً 3600سے 4200تک ہونگی۔مختلف ماڈلز کے تحت ماڈل A پر 70 ہزار، ماڈل B پر 90 ہزار جبکہ ماڈل C پر ایک لاکھ تک سبسڈی دی جائیگی۔حکومت کا کہنا ہے کہ سکیم کا مقصد اساتذہ کو سستی اور ماحول دوست سفری سہولت دینا ہے تاکہ انکے روزمرہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے ۔ اس اقدام سے فضائی آلودگی بھی کم ہوگی۔