مہنگائی کا بحران عارضی ہے ، جلد قابو پالیں گے :گورنر
لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر سلیم حیدر خان نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کا بحران عارضی ہے جلد قابو پالیں گے ۔ غیرملکی کمپنیوں کا پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لینا خوش آئند ہے ۔
پوری دنیا میں پاکستان کا سر اس وقت فخرسے بلند ہے ۔بلاول بھٹو زرداری پورے پاکستان کے نوجوان لیڈر ہیں۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے دورہ کراچی کے دوران کاروباری شخصیات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنرنے کہا کہ کاروباری افراد کو سازگار ماحول مہیا کر کے کاروباری سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکتی ہے ۔ کاروباری طبقے کے مضبوط ہونے ملکی معیشت مضبوط ہوگی اور پاکستان ترقی کرے گا۔ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کے لئے اچھا وقت ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہتر ماحول فراہم کر کے پاکستان معاشی قوت بن سکتا ہے ۔ حکومت کے اتحادی ہیں، کوشش ہے کہ ملک میں بہتری لا سکیں۔اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کے جال بچھادیئے ہیں۔