پنجاب اسمبلی :ملازمین کی بائیومیٹرک حاضری شروع نہ ہوسکی
اسمبلی میں بائیومیٹرک سسٹم نصب ہوئے 9سال ہو گئے ،حاضری نہ لگی
لاہور (یاسین ملک )نوں سال گزرنے اور لاکھو ں روپے خرچ کرنے کے باوجود پنجاب اسمبلی میں اسمبلی ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری شروع نہ ہو سکی ،سابق سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال کے دور میں شروع ہونے والا بائیو میٹرک سسٹم تاحال فعال نہ ہوسکا،حاضری اوقات کی چیکنگ سے بچنے کے لئے اسمبلی ملازمین مینوئل حاضری لگاتے ہیں ، نوں سال قبل لاکھوں روپے خرچ کر کے بائیومیٹرک سسٹم اسمبلی میں نصب کیا گیا اور تمام اسمبلی ملازمین کے انگوٹھے بھی سکین کئے گئے تھے ،مگر جب اسمبلی ملازمین کو علم ہوا کہ بائیومیٹرک سسٹم سے حاضری لگانے کی صورت میں کوئی بھی تاخیر سے آنے یا وقت سے پہلے جانے کی صورت میں گرفت میں آ جائیں گے جائیں گے تو اسمبلی ملازمین نے بائیومیٹرک سسٹم سے حاضری لگانے کو ناکام بنانے کا تہیہ کر لیا جو تاحال کامیاب ہیں اور اسمبلی میں بائیومیٹرک سسٹم نصب ہوئے 9 سال ہو گئے مگر اسمبلی ملازمین نے بائیومیٹرک سسٹم کے تحت حاضری کا سلسلہ شروع ہی نہیں ہونے دیا ، بائیو میٹرک حاضری کا سلسلہ شروع نہ ہونے کے باعث اسمبلی ملازمین کا تاخیر سے آنے اور وقت سے پہلے رفوچکر ہونے کا سلسلہ جاری ہے ۔