ریجنل کوالٹی ایشورنس کمیٹیوں کو اختیارات تفویض
صوبہ تین زونز میں تقسیم ، ہر زون میں علیحدہ کمیٹی کام کرے گی
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ایک اور اہم پیش رفت کرتے ہوئے ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کے تحت ریجنل کوالٹی ایشورنس کمیٹیوں کو باضابطہ اختیارات تفویض کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد صوبہ بھر میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو مقررہ معیار کے مطابق رکھنا اور ناقص کام کی حوصلہ شکنی کرنا ہے ۔ یہ کمیٹیاں ترقیاتی منصوبوں کا باقاعدہ معائنہ کریں گی اور اس بات کی تصدیق کریں گی کہ تمام تعمیرات منظور شدہ نقشوں اور طے شدہ تکنیکی تقاضوں کے مطابق انجام دی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ کمیٹیوں کو یہ ذمہ داری بھی دی گئی ہے کہ وہ معیار کو مزید بہتر بنانے کیلئے قابلِ عمل تجاویز اور سفارشات مرتب کریں۔ منصوبے کے تحت صوبے کو تین زونز میں تقسیم کیا گیا ہے ، جہاں ہر زون میں علیحدہ کمیٹی کام کرے گی۔ نارتھ زون میں راولپنڈی، گجرات اور سرگودھا کے ترقیاتی منصوبے شامل ہوں گے ، جبکہ سنٹرل زون میں فیصل آباد، لاہور، ساہیوال اور گوجرانوالہ کے منصوبوں کی نگرانی کی جائے گی۔ اسی طرح ساؤتھ زون میں ڈی جی خان، بہاولپور اور ملتان کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائے گا۔