پارکس اور گرین بیلٹس کو گہرا کرنیکا منصوبہ سست روی کاشکار

پارکس اور گرین بیلٹس کو گہرا کرنیکا منصوبہ سست روی کاشکار

لاہور کے پچاس سے زائد پارکس اور پندرہ گرین بیلٹس کو منتخب کیاگیا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں کم ہوتی زیرزمین پانی کی سطح اور مون سون کے دوران اربن فلڈنگ کے خطرات سے نمٹنے کے لیے شروع کیا گیا پارکس اور گرین بیلٹس کو گہرا کرنے کا منصوبہ تاحال مکمل رفتار حاصل نہ کر سکا۔ محکمہ ہاؤسنگ اور واسا کے اشتراک سے شروع کیے گئے اس منصوبے کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کا حصہ قرار دیا گیا، تاہم اعلانات کے باوجود متعدد اہم اہداف تاحال کاغذوں تک محدود دکھائی دیتے ہیں۔منصوبے کے تحت لاہور کے پچاس سے زائد پارکس اور پندرہ گرین بیلٹس کو منتخب کیا گیا۔

جہاں بارشی پانی کو محفوظ بنانے اور زمین میں جذب کرنے کے لیے خصوصی انفراسٹرکچر تیار کیا جانا تھا، مگر شہر کے بیشتر مقامات پر عملی پیش رفت دکھائی نہیں دے سکی۔ مختلف علاقوں کے سروے مکمل کیے گئے ، متعدد مقامات کی نشاندہی بھی کی گئی لیکن تعمیراتی سرگرمیاں محدود علاقوں تک ہی رہیں۔گنج بخش ٹاؤن کے چھ، راوی ٹاؤن کے چار اور گلبرگ ٹاؤن کے دو پارکس منصوبے میں شامل کیے گئے تھے ، تاہم ان پارکس میں بھی باقاعدہ عملی کام شروع نہ ہو سکا۔ اسی طرح منتخب گرین بیلٹس کی بڑی تعداد تاحال ترقیاتی سرگرمیوں کی منتظر ہے ۔گلبرگ کے مختلف علاقوں میں کچھ پیش رفت ضرور سامنے آئی جہاں لبرٹی چوک، مراتب علی روڈ اور ایچ بلاک میں ریچارج ویلز کی تکمیل کر لی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں