مہنگی ایل پی جی کیخلاف کریک ڈائون کررہے :ڈی سی شیخوپورہ
ذخیرہ اندوزوں ،گرانفروشوں کو معاف نہیں کیا جائیگا:شاہدمارتھ، صحافیوں سے گفتگو
شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ شاہد عمران مارتھ نے کہا ہے کہ ضلع شیخوپورہ میں ایل پی جی گیس کا مصنوعی بحران پیدا کرنے اور قیمتوں میں از خود اضافہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا گیا ، ذخیرہ اندوزوں ،گرانفروشوں اور منافع خوروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا،ترقیاتی کاموں میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی ان کاموں میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹی کو بھی فعال کیا جارہا ہے ،شہر میں 12ارب روپے کی لاگت سے سیوریج منصوبہ کی تکمیل کیلئے واسا کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر پریس کلب شیخوپور ہ عظیم احمد یزدانی اور جنرل سیکرٹری میاں شاہد اسلم جالندھری کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے کہا کہ شہری ڈپٹی کمشنر آفس کے شکایات سیل میں اپنی شکایات جمع کروائیں فوری عملدر آمد یقینی بنایا جائے گا۔