مزدوروں کی فلاح کیلئے سالانہ 26ارب بجٹ کی منظوری
مستحق مزدوروں کے بچوں کو تعلیمی رقوم بروقت فراہم کرنے پر بھی اتفاق
لاہور(خبر نگار)پنجاب بھر کے مزدوروں اور ان کے بچوں کے لیے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے 169ویں اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ مزدوروں کے بیک لاگ ویلفیئر گرانٹس، تعلیمی وظائف اور دیگر فلاحی اخراجات کے لیے سالانہ 26 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی گئی ہے ۔ اجلاس میں مستحق مزدوروں اور ان کے بچوں کو ویلفیئر گرانٹس اور تعلیمی رقوم بروقت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ورکرز ویلفیئر فنڈ گورننگ باڈی کے 169ویں اجلاس میں مزدوروں اور ان کے بچوں کے لیے متعدد اہم فیصلے کیے گئے ۔ منظور شدہ بجٹ میں مزدوروں کے بیک لاگ ویلفیئر گرانٹس اور سکالرشپس کی ادائیگی بھی شامل ہے ۔ حکام کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ مستحق مزدوروں اور ان کے بچوں کو تعلیمی وظائف اور دیگر ویلفیئر گرانٹس کی ادائیگیاں بروقت کی جائیں گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ویلفیئر فنڈ کا بجٹ صرف مزدوروں کی فلاح و بہبود اور ان کے بچوں کے تعلیمی اخراجات کے لیے استعمال ہوگا۔ مزدوروں کے بچوں کے لیے کتب، سٹیشنری اور یونیفارم کی مد میں دی جانے والی رقوم میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی، جبکہ مستحق بچوں کے لیے نئی رقوم کے اجرا کی بھی منظوری دے دی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments