لاہور سے راولپنڈی:625 ارب کا ہائی سپیڈ ریل منصوبہ تیار
290کلومیٹر ریلوے کوریڈور کو 160کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کیلئے اپ گریڈ ہوگا،ابتدائی فزیبلٹی میں بڑے پیمانے پر ریلوے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کی تجویز موجودہ لائن کیساتھ متوازی دوسری لائن بھی تعمیر ہو گی، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، چکوال اور راولپنڈی کو جدید ریلوے کوریڈور سے منسلک کرنے کامنصوبہ
لاہور( شیخ زین العابدین )لاہور سے راولپنڈی تک ہائی سپیڈ ریل منصوبے پر اہم پیش رفت سامنے آگئی، ابتدائی فزیبلٹی اور پلاننگ دستاویزات تیار کرلی گئیں۔624 ارب 97 کروڑ 78 لاکھ روپے کے تخمینے سے تقریباً 290 کلومیٹر ریلوے کوریڈور کو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کے لیے اپ گریڈ کیا جائے گا۔منصوبے کے تحت لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم، چکوال اور راولپنڈی کو جدید ریلوے کوریڈور سے منسلک کرنے کی تجویز ہے ۔موجودہ ٹریک کی اپ گریڈیشن کے ساتھ متوازی نئی ریلوے لائن، جدید سٹیشنز، یورپی ٹرین کنٹرول اور مرکزی ٹریفک کنٹرول سسٹم بھی منصوبے کا حصہ ہوں گے ۔دستاویزات کے مطابق لاہور سے راولپنڈی تک ہائی سپیڈ ریل منصوبے کی ابتدائی فزیبلٹی میں بڑے پیمانے پر ریلوے انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کی تجویز دی گئی ہے ۔دستاویزات کے مطابق تقریباً 290 کلومیٹر طویل ریلوے ٹریک کو 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا، جبکہ موجودہ لائن کے ساتھ متوازی دوسری ریلوے لائن بھی تعمیر کی جائے گی۔کوریڈور پر موجود 38 ریلوے سٹیشنز کی تعمیر نو، پلیٹ فارمز کی توسیع اور سٹرکچرل مضبوطی کا کام کیا جائے گا، جبکہ ان سٹیشنز کو ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ ہبز میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے ۔جدید سٹیشنز پر پارک اینڈ رائیڈ، خودکار ٹکٹنگ اور دیگر سفری سہولیات فراہم کی جائینگی۔دینا اور سوہاوہ کے درمیان تقریباً 50 کلومیٹر کے اہم حصے پر سٹرکچرل اوور پاسز کی تعمیر بھی منصوبے میں شامل ہے ۔ہائی سپیڈ ریل آپریشن کے لیے یورپی ٹرین کنٹرول سسٹم، مرکزی ٹریفک کنٹرول، فائبر آپٹک کمیونیکیشن، سیفٹی، سکیورٹی اور کوریڈور وائیڈ مانیٹرنگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔ فزیبلٹی میں تفصیلی ڈیزائن، ڈرائنگز، پلوں اور کراسنگز کے جائزے کے ساتھ ہائیڈرولوجی، ڈرینج، ڈیزائن کرائیٹیریا اور جیو ٹیکنیکل ڈیزائن رپورٹس بھی شامل ہیں۔منصوبے کی معاشی اور مالیاتی فزیبلٹی میں مسافروں کی طلب، متوقع ریونیو، آپریشنز اور مینٹی ننس اخراجات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments