ایل ڈی اے سٹی میں نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کا کوڑا پھینکنے کا انکشاف
سکیم میں ناقص سکیورٹی ، مٹی چوری سے بننے والے گڑھوں کو بطورڈمپنگ پوائنٹس استعمال کیا جا رہا،کوڑاجلانے سے آلودگی پھیلنے لگی
لاہور(شیخ زین العابدین )لاہور کی سب سے بڑی ہاؤسنگ سکیم ایل ڈی اے سٹی کو کوڑا پھینکنے کا مرکز بنا دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق فیروزپور روڈ پر واقع ایل ڈی اے سٹی میں ناقص سکیورٹی انتظامات پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا کوڑاپھینکا جا رہا ہے ، جہاں مٹی چوری سے بننے والے گہرے گڑھوں کو ڈمپنگ پوائنٹس کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے غیر قانونی ڈمپنگ میں ملوث عناصر کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے سٹی کے مختلف مقامات پرنجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے لایا جانے والا کوڑا پھینکنے کا سلسلہ جاری ہے۔ مٹی کی مبینہ چوری سے بننے والے کئی کئی فٹ گہرے گڑھوں میں کچرا ڈالے جانے سے سکیم میں صفائی اور ماحولیاتی آلودگی کے مسائل سنگین ہونے کا خدشہ ہے ۔کوڑے کو آگ لگائے جانے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جس سے فضا ئی آلودگی پھیلنے اور شہریوں کی صحت متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ڈی جی نے غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے ایل ڈی اے سٹی کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سخت سکیورٹی احکامات جاری کر دئیے۔
انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کوڑا پھینکنے والوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔ ایل ڈی اے سٹی میں کوڑا پھینکتے پکڑے جانے والے ڈمپر کو سرکاری امور میں مداخلت پرضبط کیا جائے گاجبکہ ملوث پائی جانے والی ہاؤسنگ سوسائٹی کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی جائیگی۔غیر قانونی ڈمپنگ روکنے کیلئے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی، پیرافورس اور کاہنہ پولیس کی معاونت لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ ڈی جی ایل ڈی اے نے ڈائریکٹر ایل ڈی اے سٹی کو احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments