الخدمت فاؤنڈیشن جنرل کونسل کا اجلاس ،فلاحی سرگرمیوں پرغور

 الخدمت فاؤنڈیشن جنرل کونسل کا اجلاس ،فلاحی سرگرمیوں پرغور

شرکا نے خدمت خلق کا مشن بڑھانے ، تنظیمی استعداد بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا

لاہور(سیاسی نمائندہ)امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب و سرپرست الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب جاوید قصوری نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن انسانیت کی خدمت، دکھی انسانوں کی داد رسی اور معاشرے کے محروم طبقات کی زندگیوں میں امید کے چراغ روشن کرنے کا مؤثر ذریعہ بن چکی ہے ۔ ادارے سے وابستہ رضاکاروں اور کارکنان نے خلوص، ایثار اور مستقل مزاجی کے ساتھ خدمت خلق کررہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کی جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا۔ مختلف اضلاع میں جاری فلاحی سرگرمیوں، سالانہ کارکردگی، درپیش مسائل اور مستقبل کے منصوبوں پر غور کیا گیا۔ شرکانے اپنے اپنے اضلاع میں جاری منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کیا، آئندہ ترجیحات کے تعین اور خدمت کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کیلئے مختلف تجاویز بھی زیر بحث آئیں۔

جاوید قصوری نے صوبائی اور ضلعی ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی سرگرمیوں کو مزید منظم، مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کیلئے جامع حکمت عملی اختیار کریں۔ ضرورت مند خاندانوں، یتیم بچوں، مستحق طلبہ، مریضوں اور قدرتی آفات سے متاثرہ افراد تک امداد کی بروقت فراہمی یقینی بنانا ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے ۔ اجلاس میں الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل رانا عثمان ودود سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔ شرکا نے خدمت خلق کے مشن کو مزید آگے بڑھانے ، تنظیمی استعداد بہتر بنانے اور عوامی اعتماد کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ اجتماعی کاوشوں کے ساتھ فلاحی خدمات کو نئی وسعت دی جائیگی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...