نیلا گنبد ،ناصر باغ کے پارکنگ منصوبے پھر تاخیر کا شکار

نیلا گنبد ،ناصر باغ کے پارکنگ منصوبے پھر تاخیر کا شکار

30 اکتوبر ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجودمکمل نہ ہو سکے ،تکمیل کیلئے مزید1ماہ درکار

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)لاہور میں دیرینہ پارکنگ مسائل حل کیلئے شروع کیے گئے دونوں منصوبے ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گئے ، نیلا گنبد اور ناصر باغ میں زیرِ زمین پارکنگ پلازوں کی تعمیر مکمل کرنے کیلئے 30 اکتوبر کی مقررہ ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود منصوبے مکمل نہ ہو سکے ۔ذرائع کے مطابق نیلا گنبد پارکنگ پلازے کا تعمیراتی کام 90 فیصد جبکہ ناصر باغ منصوبے کا 88 فیصد مکمل ہو سکا ہے ، دونوں منصوبوں پر بقیہ کام کی تکمیل کیلئے مزید ایک ماہ درکار ہوگا جسکے بعد پارکنگ پلازوں کو 30 نومبر تک مکمل کیے جانے کا امکان ہے ۔دونوں منصوبوں پر ٹیپا کے زیرِ انتظام تعمیراتی سرگرمیاں جاری ہیں،تاخیر کی وجوہات صرف تعمیراتی کام تک محدود نہیں، جدید پارکنگ سسٹم کی تنصیب کیلئے بعض ضروری پرزے چین سے درآمد کیے جانے ہیں جنکی فراہمی اور تنصیب بھی تکمیلی مراحل میں شامل ہے ۔ پارکنگ پلازوں کو فعال بنانے کیلئے آپریشنل انتظامات بھی تاحال مکمل نہیں ہو سکے ۔ ذرائع کے مطابق پارکنگ پلازوں کو چلانے کیلئے کسی آؤٹ سورس کمپنی سے معاہدہ نہیں کیا جا سکا جبکہ آپریشن کیلئے ضروری ایس او پیز کی تیاری بھی باقی ہے ۔ پارکنگ پلازوں میں لائٹنگ اور فائر ہائیڈرنٹس کو فعال کرنے کے علاوہ داخلی اور خارجی راستوں پر بیریئرز کی تنصیب بھی مکمل نہیں ہو سکی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...