مستقبل میں عملی کامیابی ای آئی پرمنحصر،محمد طاہر
جذبات سمجھنا، کنٹرول کرنا پیشہ ورانہ زندگی میں انتہائی اہمیت کا حامل
ملتان (خصوصی رپورٹر)یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان میں امید مینٹل ہیلتھ سروسز کے اشتراک سے طلباء و طالبات کے لئے ذہنی صحت کی بہتری اور ایموشنل انٹیلی جنس کے موضوع پر آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہرین نے عملی زندگی میں جذبات پر قابو پانے اور کامیابی حاصل کرنے کے طریقوں پر جامع رہنمائی فراہم کی۔سیمینار میں جنوبی پنجاب کی نامور ماہر نفسیات مہر خدیجہ نے ذہنی صحت سے متعلق مختلف عملی مشقیں کرواتے ہوئے طلبہ کو بتایا کہ کس طرح خود اعتمادی، مثبت سوچ اور خود مدد کے ذریعے ذہنی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے سوال و جواب کے سیشن کے دوران طلبہ کی رہنمائی کی اور انہیں ذہنی مضبوطی کے بنیادی اصول سمجھائے ۔مہمان سپیکر محمد طاہر نے ایموشنل انٹیلی جنس کی اہمیت پر تفصیلی لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ عملی زندگی میں 80فیصد کامیابی کا انحصار ای آئی پر ہوتا ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جذبات کو سمجھنا، کنٹرول کرنا اور دوسروں کے احساسات کو محسوس کرنا نہ صرف پیشہ ورانہ زندگی میں فائدہ دیتا ہے بلکہ ذاتی زندگی میں بھی مثبت تبدیلی لاتا ہے ۔سیمینار میں سی ای او امید مینٹل ہیلتھ سروسز حافظ زاہد محمود، ڈین آف ایگریکلچر اینڈ انوائرمنٹل سائنسز ڈاکٹر حماد، ایڈیشنل سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر عمر اکرم، سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ندا فردوس اور ہال وارڈن ڈاکٹر پلوشہ خانم بھی موجود تھے ۔