ماڈل بازار منصوبہ‘ تاجروں کی پراپرٹی متاثر ہونے کا خدشہ

ماڈل بازار منصوبہ‘ تاجروں کی پراپرٹی متاثر ہونے کا خدشہ

انجمن تاجران کا پریس کلب کے باہر احتجاج ،تحفظات دور کرنے کا مطالبہ

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)انجمن تاجران نے ماڈل بازار کے قیام کے دوران تاجروں کی پراپرٹی کو ہونے والے ممکنہ نقصان پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ مظفرگڑھ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب عامر سلیم شیخ، ضلعی صدر سید امیر حسن، سینئر نائب صدر سید طاہر علی شاہ، چیئرمین میاں شان شیخ، صدر مین بازار شیخ احسان، ایل پی جی ایسوسی ایشن کے ضلعی صدر ملک عابد ملانہ اور دیگر تاجروں نے کہا کہ حکومت کے ترقیاتی منصوبے خصوصاً صاف ستھرا پنجاب، پیرا فورس اور ماڈل بازار قابلِ تعریف ہیں، تاہم ان منصوبوں کے دوران شہریوں اور تاجروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا بھی ضروری ہے ۔تاجروں کا کہنا تھا کہ ماڈل بازار شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کریگا مگر اس کی تعمیر کیلئے بازار کی چوڑائی سے باہر جانے کی کوشش کی گئی تو دکان داروں کی ذاتی پراپرٹی متاثر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نقشے کے مطابق اطراف کی متعدد دکانیں زد میں آرہی ہیں، جس پر تاجروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔انجمن تاجران نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ماڈل بازار کو موجودہ چوڑائی کے مطابق ہی تعمیر کیا جائے اور کسی تاجر کی ذاتی املاک کو نقصان نہ پہنچایا جائے ۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہر کی بہتری کے لیے تاجر ہمیشہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی تعاون جاری رہے گا لیکن ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ تاجروں کے تحفظات سنیں اور انہیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔پریس کانفرنس کے بعد تاجروں نے مظفرگڑھ پریس کلب کے سامنے احتجاج بھی کیا جس میں اسلم پاشا، مرزا وقاص وکی، شاہد بلا، ایوب مٹھو، حاجی یوسف جوئیہ سمیت متعدد تاجر شریک تھے اور انہوں نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں