مرکز فیضانِ مدینہ اور مدرسہ کے سامنے گندا پانی جمع
میونسپل کمیٹی وعدوں تک محدود، فصلیں اور مکانات متاثر ہونے لگے
مونڈکا (نامہ نگار)مدنی مرکز فیضانِ مدینہ اور مدرسہ للبنات کے سامنے حافظ مقبول والا میں نالیوں کا گندہ پانی جوہڑ کی شکل اختیار کر کے اہلیانِ علاقہ اور کاشتکاروں کے لیے وبالِ جان بن گیا ہے ۔ کچھ عرصہ قبل میونسپل کمیٹی خان گڑھ کے عملے نے کاشتکاروں اور رہائشیوں کی منت سماجت کر کے محلہ راجپوتاں، چاکی والا، محلہ نواباں، محلہ حافظ مقبول والا اور شہر کے دیگر علاقوں کی نالیوں کا پانی مقامی زمیندار ماسٹر احسن اور اللہ دتہ مرحوم وغیرہ کی اراضی کی طرف موڑ دیا تھا جس پر متاثرین نے عدالت سے سٹے آرڈر بھی حاصل کیا۔متاثرین کے مطابق سٹے آرڈر کے باوجود میونسپل کمیٹی نے ایک ماہ کے لیے نکاسی کا وعدہ کیا تھا لیکن طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود آج تک نالیوں کا رخ تبدیل نہ کیا گیا۔ گندے پانی کے جمع ہونے سے کسانوں کی فصلیں شدید متاثر ہو رہی ہیں جبکہ قریبی مکانات کے گرنے کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے ۔ نالیوں کا یہ گندہ پانی جوہڑ کی شکل اختیار کر چکا ہے جہاں تعفن اور بدبو کے باعث مچھروں کی بہتات ہے اور ڈینگی سمیت وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے ۔اہلیانِ علاقہ نے متعدد بار میونسپل کمیٹی میں درخواستیں گزاریں لیکن کوئی عملی اقدام نہ ہو سکا۔ علاقہ مکینوں اور زمینداروں کا کہنا ہے کہ گندہ پانی اوور فلو ہو کر گھروں اور فصلوں میں داخل ہو جاتا ہے جس سے مسلسل نقصان کا سامنا ہے ۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سے فوری نوٹس لینے اور نالیوں کے پانی کا رخ تبدیل کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔