میپکو‘ حفاظتی سیڑھیاں ناکارہ‘لائن سٹاف خطرات سے دوچار
اہلکار غیر معیاری لکڑی کی سیڑھیوں کے سہارے کام کرنے پر مجبور ،ذرائع
میلسی (نمائندہ دنیا)میپکو ڈویژن میلسی میں فیلڈ سٹاف کو مہیا کی گئی سرکاری حفاظتی سیڑھیوں کی بوسیدگی اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث نصف سے زائد سیڑھیاں ناقابلِ استعمال ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں لائن اسٹاف روزانہ جان ہتھیلی پر رکھ کر غیر معیاری لکڑی کی سیڑھیوں کے ذریعے فیلڈ آپریشنز انجام دینے پر مجبور ہے ۔ ذرائع کے مطابق ڈویژن کی چاروں سب ڈویژنوں سٹی فرسٹ، سٹی سیکنڈ، سردار پور جھنڈیر اور ٹبہ سلطان پور میں حفاظتی سیڑھیوں کی حالت تشویشناک حد تک خراب ہے ، تاہم افسران کو آگاہ ہونے کے باوجود عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔فیلڈ ذرائع کے مطابق ہر چند ماہ بعد سیفٹی سیمینارز اور تربیتی نشستوں پر بجٹ تو خرچ ہوتا ہے مگر بنیادی حفاظتی آلات کی فراہمی مسلسل نظر انداز ہے ۔ کئی اہلکاروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ کافی عرصے سے لکڑی کی کمزور سیڑھیوں کے ذریعے کھمبوں اور برقی تنصیبات پر چڑھ کر کام کر رہے ہیں، جو کسی بھی وقت حادثے کا باعث بن سکتی ہیں۔مصدقہ ذرائع کے مطابق ناکارہ سیڑھیوں کو سرکاری طریقہ کار کے تحت سٹور میں واپس جمع کرانے کا عمل حد درجہ پیچیدہ اور وقت طلب ہے ، جس کے باعث خستہ حال سیڑھیاں برسوں سے تبدیل نہ ہو سکیں۔ اس وجہ سے متبادل نئی سیڑھیوں کی فراہمی میں بھی تاخیر ہو رہی ہے اور فیلڈ اسٹاف مسلسل خطرات کا سامنا کر رہا ہے ۔ اہلکاروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔اہلکاروں نے چیف ایگزیکٹو میپکو اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لائن اسٹاف کی جانوں کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔ دوسری جانب میپکو ترجمان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ تمام سب ڈویژنوں میں قابلِ استعمال فائبر گلاس سیڑھیوں کی مناسب تعداد موجود ہے جبکہ مزید سیڑھیوں کی فراہمی کا عمل جاری ہے ۔