جائیدادوں کا تحفظ، قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس

جائیدادوں کا تحفظ، قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس

ریزولیشن کمیٹی کا اجلاس ، کیسز کی سماعت، 85درخواستوں کے فیصلے

لودھراں (سٹی رپورٹر)پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آرڈیننس کے تحت شہریوں کی جائیدادوں کا تحفظ یقینی بنانے اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل جاری ہے ۔ ضلع لودھراں میں ناجائز قبضے ختم کر کے جائیدادیں اصل مالکان کے حوالے کی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی کا اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں شہریوں کی جائیدادوں سے متعلق درخواستو ں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر محمد اشرف اور ڈی پی او علی بن طارق نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن شاہ، اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ایس پیز بھی شریک تھے ۔ اجلاس میں متنازع جائیدادوں کے کیسز سنے گئے اور میرٹ پر فیصلے کرتے ہوئے حقداروں کو فوری طور پر قبضہ واپس دلانے کے احکامات جاری کیے گئے ۔ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ خواتین کی جائیدادوں سے متعلق کیسز کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ بااثر قبضہ مافیا کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اور تمام فیصلے شفاف طریقے سے ریونیو ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جائیدادوں کا تحفظ حکومت پنجاب کی پہلی ترجیح ہے ۔ڈی پی او علی بن طارق نے کہا کہ تحفظ ملکیت آرڈیننس عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کر رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں