لودھراں، ملزموں سے کروڑوں کا مال مسروقہ واسلحہ برآمد
نومبر میں مجموعی طور پر 1551مقدمات درج ، 853ملزم گرفتار ہوئے
لودھراں (سٹی رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) علی بن طارق کی کمانڈ میں نومبر 2025ء میں لودھراں پولیس نے دن رات محنت کرتے ہوئے سنگین جرائم کے ملزمان کو گرفتار کیا اور مال مسروقہ برآمد کیا۔ پولیس نے مختلف گینگز کی ٹریسنگ کر کے تقریباً 94لاکھ روپے مال مسروقہ برآمد کیا اور 20گینگ ممبران کو گرفتار کیا۔ماہ نومبر میں مجموعی طور پر 1551مقدمات درج کیے گئے اور 853ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ مفرور اور اشتہاری ملزمان میں سے 156اشتہاری، 17 عدالتی مفرور اور 27ٹارگٹ آفینڈرز گرفتار کیے گئے ۔اس دوران 34اسلحہ کے مقدمات میں 19پسٹل، 8ریوالور، 5بندوقیں، 1رائفل، 1موذر، 1ریپیٹر اور 59گولیاں برآمد کی گئیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف 86مقدمات درج کر کے 99 کلو سے زائد چرس، 3037لٹر شراب، پانچ کلو ہیروئن، 210گرام آئس اور 9چالو بھٹیاں قبضے میں لائی گئیں۔مزید برآں LPGوہیکلز، گیس ری فلنگ ، غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں، بیگری آرڈیننس اور بجلی چوروں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے گئے ۔ تیز رفتاری اور ساؤنڈ سسٹمز کیخلاف 28اور 32 مقدمات درج کر کے 64ملزمان گرفتار کیے گئے ۔ پولیس ایمرجنسی نمبر 15پر فیک کال کرنے والے 4افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں آئی۔