پیرا فورس کا آپریشن‘ ٹبہ سلطانپور میں دکانیں سیل‘ جرمانے
تھڑے ، شیڈز اور غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر مسمارکردیا گیا
میلسی (نمائندہ دنیا) ٹبہ سلطانپور میں پیرا فورس اور دیگر اداروں نے تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کیا۔ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی وہاڑی کی نگرانی میں چوک عاصم اور مین بازار میں کارروائی کے دوران 100 سے زائد دکانوں کے باہر موجود تھڑے ، شیڈز اور غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور پر مسمار کیا گیا۔سنگین خلاف ورزیوں پر 7 دکانیں سیل کی گئیں جبکہ متعدد دکانداروں پر جرمانے بھی عائد کیے گئے ۔ آپریشن ایس ڈی او پیرا فورس وہاڑی وقاص انجم کی نگرانی میں ہوا، جس میں انفورسمنٹ آفیسرز، ضلع کونسل کی ٹیم اور پیرا فورس کی بھاری نفری نے بھرپور حصہ لیا۔ایس ڈی او وقاص انجم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ انہوں نے شہریوں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ اپنی حدود میں رہتے ہوئے کاروبار کریں کیونکہ تجاوزات کی وجہ سے شاہراہوں پر غیر ضروری رش پیدا ہوتا ہے ، جو خاص طور پر سکول کے اوقات میں بچوں اور خواتین کیلئے مشکلات پیدا کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آپریشن کا مقصد سڑکوں کو کشادہ بنا کر شہری سہولت میں اضافہ اور روزمرہ مشکلات کم کرنا ہے ، تاکہ عوام محفوظ اور آسان طریقے سے آمد و رفت کر سکیں۔