ڈی سی کی ہسپتال میں بہتر طبی سہولتیں دینے کی ہدایت
ملیحہ رشید نے ڈاکٹروں کی حاضری اور ہسپتال سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کی کڑی نگرانی جاری ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید علی الصبح اچانک ٹی ایچ کیو ہسپتال کبیروالا پہنچ گئیں۔ دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی، اوپی ڈی اور وارڈز میں ڈاکٹروں و عملے کی حاضریوں اور صفائی کے معیار کا تفصیلی جائزہ لیا۔فارمیسی میں ادویات کے اسٹاک اور ریکارڈ کی بھی جانچ کی گئی اور مریضوں سے ملاقات کے دوران ادویات کی دستیابی اور دیگر سروسز کے بارے میں استفسار کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایم ایس ڈاکٹر میثم بھٹہ کو ہسپتال میں سروس ڈلیوری بہتر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال میں لانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور ہسپتالوں میں متعین کردہ ہیلتھ انڈیکیٹرز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر کا یہ دورہ اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے اور ہسپتالوں میں معیار کو بلند رکھنے کیلئے فعال اقدامات کر رہی ہے ۔ ہسپتال انتظامیہ اور عملے کو ہدایت دی گئی کہ مریضوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے ۔