لائن لاسز کم،6ارب35 کروڑ کی بچت،میپکو ملک بھر میں سرفہرست
مانیٹرنگ پالیسی کے باعث ٹی اینڈ ڈی لائن لاسز میں 2.1فیصد ،مجموعی خسارے میں بھی کمی ، کمپنی کی ریکوری 101فیصد سے بھی تجاوز کرگئی ، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز عامر ضیاء
ملتان (خصوصی رپورٹر) میپکو نے شاندار کارکردگی کے ساتھ ملک بھر کی تقسیم کار کمپنیوں میں ایک بار پھر پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔لائن لاسز میں تاریخی کمی، 6ارب 35کروڑسے زائد کی بچت، ریکوری 101فیصد سے بڑھ گئی۔ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے ایک مرتبہ پھر ملک کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں بہترین کارکردگی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے ۔ رواں سال کے دوران میپکو نے ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن (ٹی اینڈ ڈی) لائن لاسز میں نمایاں کمی کر کے نہ صرف ادارے کی کارکردگی بہتر بنائی بلکہ مالیاتی لحاظ سے بھی کمپنی کو اربوں روپے کا فائدہ پہنچایا ہے ۔مؤثر حکمت عملی، سخت نگرانی اور مانیٹرنگ کے باعث ٹی اینڈ ڈی لائن لاسز میں دو اعشاریہ ایک(2.1) فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کمی نے کمپنی کو براہِ راست6ارب 35 کروڑ50لاکھ روپے کی خطیر بچت دی جس سے ادارے کے مجموعی مالی خسارے میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔ یہ پیش رفت نہ صرف کمپنی بلکہ قومی خزانے کے لئے بھی خوش آئند ہے ۔چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز انجینئر عامر ضیاء نے لائن لاسز کم کرنے اور ریکوری بہتر بنانے کے واضح اہداف مقرر کئے تھے ۔ ان ہدایات کی روشنی میں چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئرگُل محمد زاہد کی سربراہی میں ایک جامع، قابلِ عمل اور ٹارگٹڈ حکمت عملی تشکیل دی گئی جس پر بھرپور عمل درآمد نے کارکردگی کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔چیف انجینئر کسٹمرسروسز سید جواد منصوراحمد ، ڈائریکٹرکمرشل اسد حماداور ایڈیشنل ڈائریکٹرکمرشل فرخ مشتاق کو اہداف حاصل کرنے پر کیش انعام بھی دیا ۔ میپکو کی فیلڈ ٹیموں نے رینجرز اور پولیس فورسز کے ہمراہ مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف سخت کارروائیاں کیں۔