پنجاب حکومت کا سرکاری کالجز کا انتظامی نظام بہتر بنانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت کا سرکاری کالجز کا انتظامی نظام بہتر بنانے کا فیصلہ

تعلیمی معیار، شفاف گورننس اور مؤثر نگرانی کیلئے جامع اصلاحات متعارف کرانے پر غور

ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومت پنجاب نے سرکاری کالجز کے انتظامی نظام میں مجموعی بہتری لانے کا فیصلہ کر لیا ہے ، جس کا مقصد تعلیمی معیار کو بلند کرنا، انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانا اور کالجوں کو درپیش مسائل کا مؤثر حل یقینی بنانا ہے ۔ اس فیصلے کے تحت سرکاری کالجز کو ایک جدید، شفاف اور مؤثر انتظامی نظام فراہم کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے ۔حکام کے مطابق اصلاحات کا بنیادی ہدف یہ ہے کہ اساتذہ اور عملے کی کارکردگی میں بہتری لائی جائے جبکہ طلبہ کو معیاری اور سازگار تعلیمی ماحول میسر آ سکے ۔ اس سلسلے میں کالجز کے نظم و ضبط کو مؤثر بنانے ، فیصلوں کو بروقت اور شفاف انداز میں کرنے ، اور انتظامی معاملات کی نگرانی کے لئے واضح اور مضبوط میکانزم متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

تعلیمی معیار میں بہتری کے لئے امتحانی نظام کو مؤثر بنانے ، تدریسی معیار کو مضبوط کرنے اور طلبہ کی مجموعی کارکردگی میں اضافے کے لئے مختلف اقدامات تجویز کئے جا رہے ہیں۔ حکومت اس امر پر بھی غور کر رہی ہے کہ ہر کالج کی سالانہ کارکردگی جانچنے کے لئے ایک جامع نظام متعارف کرایا جائے ، جس میں کارکردگی کے پیمانے (کے پی آئیز)یا درجہ بندی سسٹم شامل ہو۔اس نظام کے ذریعے بہتر کارکردگی دکھانے والے کالجز کو سراہا جائے گا جبکہ کمزور کارکردگی کے حامل اداروں کی اصلاح اور رہنمائی ممکن ہو سکے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مقابلے کی فضا پیدا ہوگی اور تعلیمی معیار میں مجموعی بہتری آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں