بینظیر بھٹو کی برسی میں بھرپور شرکت کرینگے ،سیداحمد محمود
جنوبی پنجاب کی قیادت گڑھی خدابخش روانگی سے متعلق اجلاس منعقد کرے گی
ملتان (لیڈی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے تمام ڈویژنل، ڈسٹرکٹ، سٹی اور تحصیل تنظیموں سمیت پارٹی الائیڈز ونگز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مسلم دنیا اور ایشیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی تاحیات چیئر پرسن بینظیر بھٹو کی 27 دسمبر کو 18 ویں یوم شہادت کے موقع پر ان کی ملکی و سیاسی خدمات پر خراج عقیدت پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی تمام تنظیمیں، الائیڈز ونگ، منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اپنے میٹنگز طلب کرکے گڑھی خدا بخش لاڑکانہ روانگی کے انتظامات مکمل کریں اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم اور چیف کوآرڈی نیٹر عبدالقادر شاہین کو رپورٹس ارسال کریں اور تیاریوں سے آگاہ رکھیں۔مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 27 دسمبر کو لاڑکانہ گڑھی خدا بخش میں بڑے جلسہ عام کے انعقاد کا اعلان کیا ہے ، جس میں پارٹی کے مرکزی اور صوبائی رہنما خطاب کریں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تمام عہدیدار اور کارکن جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں گے ، بینظیر بھٹو کی قومی و سیاسی خدمات پر خراج عقیدت پیش کریں گے۔