ستھرا پنجاب پروگرام، صفائی عملہ کو مزید محنت کرنیکی تلقین
اے سی میلسی کا یوسی 97علی واہ میں صفائی کا معائنہ، کارکردگی پر شاباش
میلسی (نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اسسٹنٹ کمشنر میلسی محمد سعد بن خالد نے یونین کونسل نمبر 97 علی واہ کا سرپرائز وزٹ کیا،انہوں نے ورکرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں شاباش دی اور مزید محنت سے کام کرنے کی تلقین کی۔اس موقع پر اے ایم نعمان شفیق، آئی ٹی مونیٹر احسن شہزاد ڈھڈی اور سپر وائزر محمد ثاقب بھی ان کے ہمراہ موجود تھے ۔اسسٹنٹ کمشنر میلسی نے یونین کونسل کے مختلف علاقوں میں گلی محلوں کی صفائی کا جائزہ لیا اور ڈور ٹو ڈور جا کر شہریوں سے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کام کرنے والے ورکرز کے بارے میں دریافت کیا۔
شہریوں نے بتایا کہ صفائی کے ورکرز باقاعدگی سے گھروں سے کچرا اٹھانے آتے ہیں جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے یونین کونسل نمبر 97 علی واہ کے سپر وائزر محمد ثاقب، اسسٹنٹ سپر وائزر عمران حیدر اور پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیم بہتر انداز میں فرائض انجام دے رہی ہے جس سے خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ ۔اس موقع پر آئی ٹی مونیٹر احسن شہزاد ڈھڈی نے یونین کونسل نمبر 97علی واہ کے صفائی ورکرز کی بہترین کارکردگی پر اپنی جیب سے 10ہزار روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ۔