وکلا کالونی یا نئے چیمبر کی تعمیر پہلی ترجیح ،رانا محمد ساجد
وکیلوں کی فلاح ، کالے کوٹ کے تقدس کا تحفظ کیا جائیگا، صدارتی امیدوار
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن وہاڑی کے صدر کے امیدوار رانا محمد ساجد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وکلاء کالونی کے قیام یا نئے وکلاء چیمبرز کی تعمیر، نوجوان وکلاء کی فلاح و بہبود اور کالے کوٹ کے تقدس و وقار کا تحفظ ان کی انتخابی مہم کی پہلی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے عملی اور دیرپا اقدامات کیے جائیں گے ۔اپنی انتخابی رابطہ مہم کے دوران وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے رانا محمد ساجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر وکلاء برادری نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا تو وہ ڈسٹرکٹ بار وہاڑی میں اتحاد، شفافیت اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بار میں گروہ بندی کے خاتمے اور مثبت ماحول کے قیام کیلئے تمام وکلاء کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلاء کسی بھی بار کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں، اس لیے ان کیلئے بہتر سہولیات، پیشہ ورانہ تربیت اور رہنمائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ بااعتماد انداز میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے سکیں۔ رانا محمد ساجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ سینئر وکلاء کے تجربے اور جونیئر وکلاء کی صلاحیتوں کو یکجا کر کے ڈسٹرکٹ بار وہاڑی کو ایک مضبوط، متحرک اور باوقار ادارہ بنایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے وکلاء برادری سے اپیل کی کہ وہ ایک دیانتدار، باصلاحیت اور فعال قیادت کے حق میں ووٹ دے کر بار کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی دراصل پوری وکلاء برادری کی کامیابی ہو گی اور وہ وکلاء کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔