بورے والا ہسپتال کا کارڈیک سی سی یو تاحال غیرفعال

بورے والا ہسپتال کا کارڈیک سی سی یو تاحال غیرفعال

ڈاکٹرز ،تربیت یافتہ سٹاف نہ ہونے پرمریض دیگرشہروں کا رخ کرنے پر مجبور

بورے والا (سٹی رپورٹر) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا میں کروڑوں روپے کی خطیر لاگت سے مکمل کیا جانے والا امراضِ قلب کا جدید سی سی یو کارڈیک کیئر یونٹ ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال فعال نہ ہو سکا۔ سی سی یو میں ماہر ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرا میڈیکل سٹاف کی عدم تعیناتی کے باعث یہ یونٹ عملی طور پر غیر فعال ہے جس سے علاقے کے دل کے مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔حکومت پنجاب نے بورے والا اور گردونواح کی بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جدید سہولیات سے آراستہ کارڈیک سی سی یو قائم کیا تھا۔

یونٹ میں جدید مانیٹرز، وینٹی لیٹرز، بیڈز اور دیگر مہنگا طبی سامان نصب کیا گیا، تاہم عملے کی عدم دستیابی کے باعث یہ منصوبہ نمائشی بن کر رہ گیا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بورے والا اور اس کے نواحی دیہات میں دل کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، مگر سی سی یو فعال نہ ہونے کے باعث مریضوں کو ایمرجنسی کی صورت میں وہاڑی، ملتان، ساہیوال اور دیگر بڑے شہروں میں منتقل کرنا پڑتا ہے ، جہاں پہنچنے میں تاخیر سے قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ رہتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں