پیدائش‘وفات‘ شادی اندراج کیلئے موبائل ایپ متعارف
شہری اب گھر بیٹھے رجسٹریشن درخواست دے سکیں گے ، دفاتر کے چکر ختم
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)صوبہ پنجاب میں شہریوں کی سہولت کیلئے پیدائش، وفات، شادی اور طلاق کے اندراج کیلئے جدید موبائل ایپ متعارف کرا دی گئی ہے ۔ اس اقدام کا مقصد رجسٹریشن کے عمل کو آسان، تیز اور شفاف بنانا ہے ۔شہری اب DR موبائل ایپ کے ذریعے لوکل گورنمنٹ سے متعلقہ اندراجات کیلئے گھر بیٹھے درخواست دے سکیں گے ۔ ایپ میں متعلقہ آئیکون پر کلک کر کے ضروری کوائف اور دستاویزات اپ لوڈ کی جا سکیں گی، جس کے بعد درخواست کی آن لائن جانچ پڑتال کی جائے گی۔
حکام کے مطابق تصدیق کے بعد سرٹیفکیٹس بھی آن لائن حاصل کیے جا سکیں گے جس سے شہریوں کو دفاتر کے غیر ضروری چکروں سے نجات ملے گی اور وقت و اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔ اس نظام سے ریکارڈ محفوظ ہونے کے ساتھ ساتھ شفافیت بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔شہریوں نے موبائل ایپ کے اجرا کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سہولت جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہے اور اس سے عوام کو بڑی آسانی حاصل ہو گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس اقدام سے سرکاری امور میں ڈیجیٹل نظام کو فروغ ملے گا اور عوامی مسائل میں کمی آئے گی۔