خونخوارپالتو کتے نے 2 سالہ بچی کو نوچ ڈالا‘ شدید زخمی
واقعہ موضع بورانہ ثانی میں پیش آیا،ڈی سی کا نوٹس،مقدمہ درج،کتا تلف
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)نواحی علاقے موضع بورانہ ثانی میں خونخوار پالتو کتے کے حملے کے نتیجے میں دو سالہ بچی مافیا بی بی کو نوچ ڈالا، شدید زخمی ۔واقعہ عباس نامی شخص کے پالتو خونخوار کتے کے حملے کے باعث پیش آیا، زخمی بچی کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال وہاڑی منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد مبینہ طور پر نشتر ہسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔ نشتر ہسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق بچی کا علاج جاری ہے ۔واقعہ کے بعد شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ ہر مریض کو بلا وجہ ملتان ریفر کیا جا رہا ہے جس سے غریب افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی جس پر حملہ آور کتے کو تلف کر دیا گیا۔ پولیس نے تھانہ لڈن میں مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم عباس کے ایک ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے‘ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے آوارہ اور خطرناک کتوں کی تلفی کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے یا شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اور ذمہ دار عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔