تحریک انصاف ملتان کی قیادت برطرف کی جائے ،قاسم نیازی

تحریک انصاف ملتان کی قیادت برطرف کی جائے ،قاسم نیازی

مقامی قیادت صرف شادیاں ،تقریبات اٹینڈ کرکے پارٹی کا مذاق اڑا رہی

ملتان (لیڈی رپورٹر)تحریک انصاف لیبر ونگ ملتان کا اجلاس زیر صدارت قاسم نیازی منعقد ہوا، جس میں مہمان خصوصی لیبر ونگ جنوبی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد عارف ہانس نے مقامی قیادت کی عدم دلچسپی اور بانی پارٹی تحریک انصاف کی ہدایات کی مسلسل خلاف ورزی پر شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کی کمپرومائز قیادت کسی بھی ریلی یا احتجاج میں حصہ نہیں لے رہی، جبکہ بانی پارٹی کا جانثار اور غیرت مند پٹھان ہزاروں میل دور سے لاہور آ کر پنجاب کی قیادت کو جگانے اور ضمیر کو جھنجھوڑنے آیا۔ڈاکٹر محمد عارف ہانس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کی قیادت شادیوں اور دعوتوں میں مصروف رہ کر تحریک کا مذاق اڑا رہی تھی، لہذا ایسی قیادت کو فوری برطرف کیا جانا چاہیے۔

اجلاس سے ضلعی صدر لیبر ونگ میاں فاروق احمد نے کہا کہ لیبر ونگ اور پرانے ورکرز کے تحفظات جوں کے توں ہیں اور لیبر ونگ جلد اپنی کمپین دوبارہ شروع کرے گی، اور اس مرتبہ کسی کو لولی پاپ نہیں دیا جائے گا۔سجاد خان علیزئی نے کہا کہ عام ورکر مقامی قیادت سے سخت نالاں ہیں۔ ضلعی جنرل سیکرٹری شہر یار بھٹہ نے کہا کہ عہدوں پر بیٹھے مفاد پرست اور فوٹو سیشن کیلئے سرگرم افراد کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹایا جائے، کیونکہ ان کا بانی پارٹی تحریک انصاف سے کوئی تعلق نہیں۔ اجلاس میں قاسم جوئیہ، سید فراست شاہ، چودھری راشد محمود، سید مدثر شاہ اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور مقامی قیادت کی نااہلی پر اظہارِ تشویش کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں