ڈاکٹر شمشاد کی وفات ، ماہر بینکار سے محروم ہوگئے ، اظہر بلوچ
گورنر سٹیٹ بینک کے طور پر فرائض نہایت دیانت داری سے سرانجام دیئے
ملتان (لیڈی رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان کے نائب صدر محمد اظہر بلوچ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سابق گورنر ڈاکٹر شمشاد اختر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی وفات سے پاکستان ایک باصلاحیت، باوقار اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ ماہرِ معیشت اور نامور بینکار سے محروم ہو گیا ہے ۔ اپنے تعزیتی بیان میں محمد اظہر بلوچ نے کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے پاکستان کی معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔ انہوں نے بطور پہلی خاتون گورنر سٹیٹ بینک نہایت جرات، دیانت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ خدمات انجام دیں اور ادارہ جاتی اصلاحات میں اہم کردار ادا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مرحومہ کی قیادت میں سٹیٹ بینک نے شفافیت، خودمختاری اور معاشی نظم و ضبط کے فروغ کے لئے نمایاں اقدامات کئے ۔محمد اظہر بلوچ نے مزید کہا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی جبکہ معاشی استحکام کے لیے ان کی کاوشیں نوجوان ماہرینِ معیشت اور پالیسی سازوں کیلئے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے ۔انہوں نے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی بے مثال قومی خدمات کے اعتراف میں سرکاری سطح پر خراجِ تحسین پیش کیا جائے۔