چوری،ڈکیتی کی وارداتیں، شہری لاکھوں سے محروم
طاہرکے گھر سے چور 15تولے سونا، گھڑیاں ودیگر سامان لے اڑے
ملتان (کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں شہری لاکھوں کی نقدی، سامان، موبائل فونز سے محروم ہوگئے ۔ تھانہ ممتاز آباد کے علاقے میں نامعلوم افراد نے طاہر کے گھر کے تالے توڑ کر 15 تولہ سونا، قیمتی گھڑیاں اور کپڑے چوری کر لئے ۔ تھانہ مظفر آباد کے علاقے میں فیصل کے پانچ لاکھ روپے مالیت کے جانور غائب ہو گئے ۔تھانہ قطب پور کے علاقے میں وحید سے مسلح افراد نے موبائل فون چھین لیا، جبکہ تھانہ شاہ شمس کے علاقے میں صغیر اور رزاق کی موٹر سائیکلیں چوری ہو گئیں۔ تھانہ مخدوم رشید میں نواب احمد کی گندم اور صدر جلالپور کے علاقے میں نادر کی سولر پلیٹیں بھی چوری ہو گئی ہیں۔
تھانہ بی زیڈ کے علاقے میں طارق کے زیر تعمیر گھر سے تار چوری کر لئے ، اور اسی تھانے کی حدود سے نامعلوم افراد نے نذیر کے گھر کے تالے توڑ کر ایک لاکھ روپے نقدی لوٹ لی۔ تھانہ کوتوالی کے علاقے میں فیصل کے گودام سے بیٹریاں چوری کی گئیں، جبکہ تھانہ ڈی ایچ اے کے علاقے میں رضوان سے ایک لاکھ روپے نقدی چھین لی گئی۔تھانہ سیتل ماڑی کے علاقے میں نامعلوم افراد نے عالم شیر کے گھر کے تالے توڑ کر پانچ تولہ سونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے ۔ تمام متعلقہ تھانوں کی پولیس نے مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ وارداتوں میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کیا جا سکے ۔