ڈیرہ غازیخان:غیر قانونی تجاوزات کیخلاف جنگلات کی کارروائی
کنزرویٹر فاریسٹ نے غیر قانونی تعمیرات مسمار، سرکاری زمین واگزار کرائی
ڈیرہ غازیخان (ڈسٹرکٹ رپورٹر)کنزرویٹر فاریسٹ ڈیرہ غازیخان ڈویژن محمد طارق نسیم نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلات و جنگلی حیات پنجاب، ڈی جی خان فاریسٹ سرکل کی نگرانی میں شیلٹر بیلٹ ایم ایم روڈ، چک نمبر 318ضلع لیہ میں غیر قانونی تجاوزات کیخلاف مؤثر کارروائی کی گئی۔ کنزرویٹر فاریسٹ کی زیر نگرانی غیر قانونی کچی اور پختہ تعمیرات مسمار کی گئیں، جبکہ تین غیر قانونی جوہڑ نما ڈھانچے بھی مسمار کر دیئے گئے۔
تجاوز شدہ سرکاری زمین واگزار کرائی گئی، حد بندی مکمل کی گئی اور انوینٹری کا عمل بھی جاری ہے ۔محکمہ جنگلات کے مطابق یہ کارروائی صاف، سرسبز اور تجاوزات سے پاک پنجاب کے تحت کی گئی ہے ۔ کنزرویٹر فاریسٹ محمد طارق نسیم نے کہا کہ غیر قانونی قبضہ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور سرکاری زمین کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔